
کوئٹہ: بلوچستان کے لاپتہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے لیے آواز اٹھانے والی سماجی کارکن ماہ رنگ بلوچ کو رواں سال نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ نامزدگی کی وجہ ماہ رنگ کی بلوچستان میں انسانی حقوق کے لیے جاری جنگ ہے۔ ماہ رنگ نے اپنی نامزدگی کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ میرے لیے نہیں بلکہ ان ہزاروں بلوچوں کے لیے ہے جنھیں جبری طور پر غائب کیا گیا اور ان کے خاندان اب انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی سول سوسائٹی اور مہذب قومیں بلوچستان میں انسانی حقوق کی جنگ نظر انداز نہیں کر سکتیں۔ ماہ رنگ بلوچ کا شمار 2024 میں بی بی سی کی 100 ویمن میں کیا گیا تھا۔ ماہ رنگ نے جبری گمشدگیوں کے خلاف 2009 میں اس وقت آواز اٹھانا شروع کی جب ان کے والد کو حراست میں لیا اور دو سال بعد ان کی لاش تشدد کے نشانات کے ساتھ ملی۔


































