
راولپنڈی : بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپورکمپلیکسز میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن میں 24 دہشتگرد مارے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی رات دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر حملے کیے گئے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے حملے بہادری سے پسپا کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن میں گزشتہ تین روز کے دوران 24 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، مارے گئے دہشتگردوں میں شہزاد بلوچ، عطاءاللہ ، عبدالودود، ذیشان اور ان کے ماسٹر مائنڈ شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دیگر دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے جبکہ دیگر شہداء میں دو شہری بھی شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مؤثر جوابی کارروائی دہشتگردی کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، پاک فوج دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ امن و استحکام کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


































