
بغداد : عراق کے دارالحکومت بغداد میں ریت کے خوفناک طوفان نے سینکڑوں افراد کو اسپتال پہنچادیا۔رواں سال ریت کے پہلے طوفان نے بغداد میں دن کو رات میں بدل گیا۔ طوفان نے بغداد کی فضائی حدود کو دھول اور ریت کے گھنے نارنجی رنگ سے ڈھک دیا۔ طوفان کے سبب حد نگاہ ڈرامائی طور پر کم ہوگئی۔ دھول کی تہوں نے کاروں اور گھروں کو ڈھانپ لیا۔ طوفان کے سبب فضائی ٹریفک متاثر ہوئی، اسکولوں اور اداروں کے نظام تلپٹ ہوگئے۔گردوغبار کی وجہ سے ہزاروں افراد کو دم گھٹنے کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اسپتالوں میں داخل کرانا پڑا۔ عراق دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سب سے زیادہ شکار ہونے والے پانچ ممالک میں سے ایک بن گیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ ماحول کم بارشوں، زیادہ درجہ حرارت اور بڑھتی ہوئی صحرائی صورت حال کے باعث پیدا ہوا ہے۔


































