
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن منیجر کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے شہری ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک عدنان کو پوری قوم کی جانب سے بہادری اور شجاعت پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک عدنان نے مشتعل ہجوم سے سری لنکن منیجر کو بچانے کے لیے عملی کوشش کی اور ہجوم کے سامنے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی، اس کوشش پر ہم انہیں تمغہ شجاعت سے نوازیں گے۔ ملک عدنان نے تمغہ شجاعت کے اعلان پر حکومت کا شکر یہ ادا کیا اور اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ وہ پریانتھا کی جان نہیں بچا سکے۔ ملک عدنان نے کہا کہ پریانتھا ایماندار اور اصولوں کے لحاظ سے سخت افسر تھے۔ پریانتھا ذاتی زندگی میں انتہائی نفیس انسان تھے، کام کے دوران ان کا رویہ سخت ہوتا تھا۔ وہ اردو لکھنا اورپڑھنا بالکل بھی نہیں جانتے تھے۔ میں شور سن کر جب کمرے سے باہر گیا تو معلوم ہوا کہ پریانتھا نے کسی کو ڈانٹا ہے۔ملک عدنان نے کہا کہ جب میں وہاں پہنچا تو 40/50 افراد ان کی جانب آرہے تھے۔ میں پریانتھا کو بچانے کی کوشش میں تشدد کا شکار بھی ہوا۔ ہجوم نے مجھے بھی چھت سے پھینکنے کی کوشش کی۔ ان کو بچانے کے دوران موت کا خوف ذہن میں نہیں آیا، اس وقت یہی خیال تھا کہ ان کی جان بچ جائے اور ملک کی ساکھ خراب نہ ہو۔ ملک عدنان نے سری لنکن منیجر کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، کبھی دلائل دیے، کبھی رحم کی بھیک مانگی، لیکن وحشت اور درندگی کے آگے بے بس ہوگیا۔


































