
غزہ : عید کے تیسرے دن بھی صیہونی فوج نے غزہ پر حملے جاری رکھے۔ تازہ حملے میں صحافی اپنی اہلیہ اور تین بچوں سمیت شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں مقامی صحافی محمد صالح البرداویل کے گھر پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں پورا خاندان شہید ہوگیا۔ صیہونی جنگی طیاروں نے نصیرات اور مواصی میں بھی حملے کئے ہیں جس میں کئی جانیں چلی گئیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 80 فلسطینی شہید ہوئے۔
ادھر غزہ سے اسرائیل پر راکٹ داغ دیا گیا جس سے صیہونی بستی سیدروت میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ اسرائیل نے راکٹ کو مار گرانے کے دعویٰ کیا ہے۔
ادھر اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے مضافاتی علاقے میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حملے میں تین لبنانی شہید اور سات زخمی ہوگئے۔


































