
غزہ : اسرائیلی فوج کے دیرالبلاح اور رفح پر تازہ حملوں میں پچاس سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے رفح اور دیرالبلاح میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ دیرالبلاح میں بائیس جبکہ رفح میں تیس افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
ادھر الشفا۔ العمل اور ناصر اسپتالوں کا محاصرہ جاری ہے۔ جہاں اسرائیلی فوج نے گولہ باری اور فائرنگ کی جس سے کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں سو سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد بتیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ اسرائیلی فوج کو خان یونس میں شدید مزاحمت کاسامنا ہے۔ حماس سے جھڑپوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک بارہ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر غزہ سے اسرائیلی علاقے اشدود پر آٹھ راکٹ داغے گئے۔ بعض راکٹ مار گرائے گئے جبکہ دیگر کھلے علاقے میں گرے۔


































