
رام اللہ : مقبوضہ مغربی کنارے میں غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے حملے اور اسرائیلی فوجی کارروائی میں تین فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں ابو فلاح پر غیرقانونی صیہونی آبادکاروں نے حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ سے چوبیس سالہ ثائر فاروق حمیل اور ستاون سالہ فریا جودت حمیل سر میں گولی لگنے سے شہید ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جب گاؤں کے رہائشی حملہ آور آبادکاروں کا مقابلہ کر رہے تھے تو بعد میں اسرائیلی فوج نے علاقے پر دھاوا بول دیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران پچپن سالہ محمد حسن مرہ آنسو گیس کے باعث دم گھٹنے سے شہید ہوگئے۔ فائرنگ سے مزید پانچ فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں سے تین کو سر میں گولیاں لگیں۔


































