
پشاور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی جنگ کے نتیجے میں ہماری معیشت کو نقصان پہنچا۔ حافظ نعیم الرحمان نے پشاور میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کے ایک فون پر جنرل مشرف نے تمام مطالبات مان لیے۔ مشرف نے کہا تھا اس کے بدلے ڈالر ملیں گے، ڈالر ملے ہونگے مگر عوام کو نہیں ملے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 2001ء سے قبل پاکستان میں ناخوشگوار واقعات نہیں ہوتے تھے۔ قوم ایک اور آپریشن کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ آپریشنز کے نتیجے میں عوام اور فوج کے درمیان نفرتیں بڑھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سیکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب جا رہا ہے۔ پڑھے لکھے لوگوں کے ہاتھ میں نظام کے باوجود سود اور قرضے چڑھ گئے ہیں۔


































