
پشاور: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 الگ الگ کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ سات جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 26 مئی کو خفیہ اطلاعات پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا تھا جس میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے۔ 27 مئی کو ڈسٹرکٹ ٹانک میں آپریشن کیا گیا جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر طور پر پتہ لگایا۔
ضلع خیبر میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 5 بہادر جوان شہید ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔


































