
نیویارک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیاء میں امن نہیں آ سکتا۔ آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ آرمی چیف نے دانستہ نشانہ بنائے جانے والے فلسطینیوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف نے امریکی حکومتی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکا کے دوران نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


































