
خرطوم: سوڈان میں مسلح گروہوں نے سعودی عرب اور بحرین کے سفارت خانوں پر دھاوا بول کر تباہی مچادی۔ دارالحکومت خرطوم میں مسلح افراد سعودی عرب اور بحرین کے سفارتخانوں میں گھس گئے۔مسلح افراد نے عمارت میں توڑ پھوڑ مچادی۔ سفارت خانے کے ساتھ ساتھ سفیروں اور عملے کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سفارت خانے کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی گئی اور عملے کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ وزارت خارجہ نے مسلح جتھوں کی جانب سے سفارت خانے میں توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ایسے مسلح جتھوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جو سوڈان اور اس کے عوام کی سلامتی اور استحکام بحال کرنے کی کوششوں کو تاراج کرنے کے درپے ہیں۔ بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی کہا کہ اس کے سفارت خانے اور سفیر کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ وزارت نے سفارتی مشنوں کے ہیڈ کوارٹرز اور شہری سہولیات کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔


































