
دوحہ: مصر سمیت پانچ عرب ریاستوں نے امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو غزہ کی تعمیر نو کا عرب منصوبہ پیش کردیا۔ مصر، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے دوحہ میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف سے ملاقات کی اور جنگ کے بعد غزہ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے عرب لیگ کا توثیق شدہ منصوبہ پیش کیا۔
اس سے قبل پانچوں ریاستوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا تاکہ فلسطینی کاز پر اپنے موقف کو ہم آہنگ کیا جا سکے۔ وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصر کے پیش کردہ منصوبے پر صدر ٹرمپ کے نمائندے سے مشاورت جاری رکھیں گے۔ یہ مشاورت غزہ کی تعمیر نو کے بنیادی تصور اور اس کے لیے کوششوں کے سلسلے میں ہوگی۔


































