
جدہ : عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے سے متعلق سلامتی کونسل کی تازہ قرارداد فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ احمد ابوالغیط نے ایک بیان میں کہا کہ قرارداد غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے غیر معمولی بین الاقوامی عزم کا اظہار کرتی ہے، جہاں تباہی کی مثال جدید تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ قرارداد کو عملی شکل دینے کے لیے ہر سطح پر وسیع کام درکار ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرارداد میں فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب ایک قابلِ اعتماد راستے کا بنیادی حوالہ بھی شامل ہے۔ جو دو ریاستی حل کے حامی تمام فریقوں کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
ابوالغیط نے کہا کہ اسرائیلی قبضے کا جاری رہنا خطے میں عدم استحکام کی اصل وجہ ہے اور اس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔


































