
قاہرہ :عرب لیگ کے اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کا تریپن ارب ڈالر کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ مصر کے پانچ سالہ منصوبے کے تحت نئی رہائش گاہیں، تجارتی بندرگاہ اور ہوائی اڈہ تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت جلد بحالی کیلئے چھ ماہ میں ملبہ ہٹایا جائے اور عارضی رہائش گاہیں نصب کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں دو سال کے اندر دو لاکھ ہاؤسنگ یونٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ دوسرا مرحلہ ڈھائی سال پر مشتمل ہوگا جس میں مزید دو لاکھ رہائشی یونٹس اور ائرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے پر تقریباً 20 ارب ڈالر لاگت آئے گی، جبکہ دوسرے مرحلے پر 30 ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔ مصر کے منصوبوں میں عبوری حکومت کے انتظامات پر زور دیا گیا ہے۔


































