
نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے شام جنگ کے دوران ایک لاکھ تیس ہزار افراد کی گمشدگی کے تعین کیلئے آزاد ادارہ قائم کرنے کی منظوری دیدی۔ جنرل اسمبلی میں لکسمبرگ کی زیرقیادت قرارداد پیش کی گئی تھی جس میں لاپتہ افراد کی قسمت کے تعین کیلئے آزاد کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قرارداد کے حق میں 83، مخالفت میں 11 ووٹ پڑے جبکہ 62 ممالک غیر حاضر رہے۔ روس، چین، بیلاروس، شمالی کوریا، کیوبا اور ایران نے بھی ووٹ نہیں دیا۔ قرارداد کی مخالفت کرنے والوں میں شام بھی شامل ہے جس نے کہا کہ وہ نئے ادارے کے ساتھ تعاون نہیں کرے گا۔ شام کے سفیر بسام صباغ نے قرارداد کو سیاست زدہ قرار دیا، کہا کہ یہ واضح طور پر ہمارے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت کی عکاسی کرتی ہے اور امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے مخالفانہ رویہ کا نیا ثبوت فراہم کرتی ہے۔


































