
تل ابیب: صیہونی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں توسیع پسندانہ منصوبے کے تحت مزید پانچ ہزار سے زائد نئے مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دیدی۔ وزارت دفاع کی منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں میں توسیع کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کے تحت مقبوضہ کنارے میں 5 ہزار 623 نئے یونٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ یونٹ منصوبہ بندی کے مختلف مراحل میں ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی تعمیر کب شروع ہوگی۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ نئے ہاؤسنگ یونٹس بنانے کا اعلان تشویشناک اور پریشان کن ہے۔ صیہونی آباد کاری کا تسلسل دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ فلسطین کی وزارت خارجہ اور تارکین وطن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 1000 سے زائد نئے آبادکاری یونٹس کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز کی اشاعت کی مذمت کی۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے اسرائیل آباد کاری کی سرگرمیوں کو روکنے کے پر مبنی تمام بین الاقوامی مطالبات، دستخط شدہ معاہدوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔


































