
بنگلورو : بھارت کی ریاست کرناٹک میں ہندوتوا حکومت نے مسلمانوں کے لئے مختص چار فیصد ریزرویشن کوٹہ ختم کردیا ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیراعلیٰ بسوا راج بومئی کی زیرقیادت حکومت نے ریزرویشن کوٹے میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں ریزرویشن کوٹہ کو 50 فیصد سے بڑھاکر 56 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسلمانوں کے لئے مختص چار فیصد کوٹے ختم کرکے اسے دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔ دو فیصد کوٹہ ووکا لیگا اور 2 فیصد لنگایتوں کو دیا جائے گا۔ مسلمانوں کو اب معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے مختص 10 فیصد کوٹہ میں شامل کیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی نے کہا کہ دو فیصد اضافے سے ووکا لیگا کا کوٹہ چار فیصد سے چھ فیصد اور لنگایتوں کا پانچ سے سات فیصد ہوجائے گا۔ مسلمانوں کو او بی سی کی فہرست سے نکال کر اکنامکلی ویکر سیکشن یا ای ڈبلیو ایس کے دس فیصد کوٹے میں شامل کردیا گیا ہے۔ جس میں برہمن، ویسیاس،مدلیارس، جین اور دیگر شامل ہیں۔


































