
صنعا: انصار اللہ کے رہنما محمد الفرح نے کہا کہ اگر امریکہ یا برطانیہ نے ایران کے خلاف کسی براہ راست حملے میں شرکت کی تو ایران اور اس کے اتحادی بھرپور اور شدید جواب دیں گے، جس سے پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں صہیونی دشمن کی عنقریب متوقع شکست اور تل ابیب کے حکام کے ہاتھوں سے صورتِ حال کے نکلنے کی علامت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صہیونی حکومت ایران کے ساتھ براہ راست مقابلے کی صلاحیت رکھتی تو اسے امریکہ کی دھمکیوں اور حمایت کی ضرورت پیش نہ آتی۔ الفرح نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ یا برطانیہ نے ایران کے خلاف براہ راست فوجی مداخلت کی کوشش کی تو ایران اور اس کے اتحادی خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ان کا ردعمل انتہائی شدید ہوگا۔ انہوں نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے پاس اس جنگ میں دباؤ ڈالنے کے لیے متعدد آپشنز موجود ہیں جن میں سب سے آسان راستہ سمندری گزرگاہوں کی بندش، دشمن ممالک کی نیوی گیشن کو خطرے میں ڈالنا اور توانائی کی فراہمی کو روکنا ہے، جو پورے خطے میں آگ بھڑکانے کا سبب بن سکتا ہے۔


































