
غزہ : اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری ایک سو انیس روز سے جاری ہے۔ مزید ایک سو اسّی فلسطینی شہید ہوگئے۔ محفوظ علاقے رفح پر حملے کے اعلان کے بعد صورتحال قابو سے باہر ہوگئی۔ اسرائیلی وزیردفاع کی جانب سے رفح پر حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔ جس میں فیصلہ کیا گیا ہے غزہ پر بھرپور حملہ کرکے وہاں موجود حماس کے کارکنوں کو ختم کیا جائے ۔جس کے بعد سے رفح میں لاکھوں شہری پریشان ہیں اور محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں ہیں جس سے حالات قابو سے باہر ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج اور حماس میں خان یونس اور وسطی غزہ میں جنگ شدت اختیار کرگئی ہے۔ حماس نے ایک دن میں اسرائیل کی بیس فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جس میں متعدد فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔وسطی غزہ پر بھی اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔ اسرائیل نے جنگ کے دائرے کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جنگ سے اب تک ستائیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ کئی علاقوں میں کھدائی اور ملبہ ہٹانے کے دوران درجنوں لاشیں ملی ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے سے ہزاروں لاشیں مل سکتی ہیں۔


































