
غزہ : اسرائیل نے رفح پر ایک سو چالیس سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔حملوں میں 160 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے عالمی برادری کے دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے رفح سے فلسطینیوں کو دھکیلنے کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔ محفوظ راستے کی فراہمی کی بغیر ہی رفح پر فضائی حملے بڑھا دیئے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں رفح پر ایک سو چالیس حملے کیے گئے۔ جس سے متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ رفح میں 70 اور وزارت صحت کے مطابق وسطی غزہ میں 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی امداد و بحالی کی تنظیم انروا نے کہا ہے کہ مارچ تک اس کے پاس موجود تمام فنڈز ختم ہو جائیں گے جس کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ مغربی ممالک کی جانب سے امداد روکے جانے کے بعد سے انروا کو مشکلات کا سامنا ہے۔


































