
اسلام آباد: حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں اٹارنی جنرل منصور عثمان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی چیف جسٹس اور سینئر ججز سے ملاقات میں معاملے کی انکوائری کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر قانون نے کہاکہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے کی چھان بین ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ خط کے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ حکومت کا فرض ہے اس معاملے کی چھان بین کی جائے، جس کے لیے حکومت نے خط کے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس معاملے کو کل کابینہ کے سامنے بھی رکھا جائے گا اور پھر معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے گا، جس کے ٹی او آرز کابینہ کی مشاورت کے بعد طے کیے جائیں گے۔


































