
غزہ : اسرائیل نے محفوظ قرار دئے گئے علاقے رفح پر حملے تیز کر دیے۔ مختلف مقامات پر بمباری سے چھبیس فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج کے غزہ پر 120 ویں دن بھی وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ غزہ سٹی۔ خان یونس۔ جبالیہ سمیت بیشتر علاقوں کی تباہی کے بعد صیہونی فوج نے رفح پر بھی حملے بڑھادئے۔ اسرائیل رفح کو محفوظ علاقہ قرار دیکر بیس لاکھ سے زائد افراد کو یہاں پناہ لینے پر مجبور کرچکا ہے۔ رفح میں کنڈرگارڈن پر حملے میں دو بچے شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے حسن سلامہ ٹاور میں اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا جس سے پانچ افراد شہید ہوگئے۔ دیرالبلاح پر بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ تازہ حملوں میں چھبیس اور چوبیس گھنٹوں میں 116 فلسطینی شہید ہوئے۔
شہداء کی مجموعی تعداد 27 ہزار 238 ہوگئی ہے جبکہ 66 ہزار 452 افراد زخمی ہیں۔


































