
نیویارک: اسرائیل پر ایرانی حملے پر غور کیلئے آج سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں اسرائیل پر حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نےکہا ہے کہ اسرائیل پر فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارتی احاطے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں کی گئی، معاملہ اب ختم سمجھا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایرانی حملے کی مذمت کی ہے اور انہوں نے کہاکہ جی سیون ممالک کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کرکے ایرانی حملے کے خلاف متحد ہو کر منظم سفارتی ردعمل دیا جائے گا۔ کینیڈا۔ جرمنی اور جاپان نے ایرانی حملے کی مذمت کی ہے۔ جبکہ چین نے کشیدگی کی وجہ غزہ تنازعہ کو قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی جنگ بندی کے لیے قرار داد پر فوری عمل کیا جائے۔ سعودی عرب نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔


































