
واشنگٹن : امریکہ نے رات گئے شام اور عراق میں حملے شروع کردئے۔ امریکا نے دونوں ممالک میں مزاحمت کاروں کے 85 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے اسلامی انقلابی گارڈز ،قدس فورس اور اس سے منسلک ملیشیا گروپوں کے خلاف فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق حملوں میں طویل فاصلے تک مارنے والے بمبار طیارے شامل تھے۔ حملے میں ایک سو پچیس سے زائد درست مار کرنیوالا گولہ بارود استعمال کیا گیا۔اہداف میں کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشنز، مراکز، انٹیلی جنس مراکز راکٹ، میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ حملے کامیاب رہے ہیں ، لیکن وہ ابھی تک نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ یہ حملے اٹھائیس جنوری کو شمال مغربی اردن میں امریکی اڈے پر کیے گئے ڈرون حملے کے جواب میں کیے گئے تھے، جس میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔


































