واشنگٹن: امریکا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 8 کروڑ ڈالرز کی مالیت کے اسٹیلتھ جنگی طیارے کی تلاش میں مدد کرے جسے غائب ہوئے ایک دن سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا۔ امریکی فوج کا اسٹیلتھ جنگی طیارہ ایف-35 جنوبی کیرولینا میں اس وقت لاپتہ ہوگیا تھا جب پائلٹ نے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی تھی اور طیارہ کافی دور تک پرواز کرتے رہنے کے بعد گر گیا تھا۔ طیارے کے غائب ہونے کے بعد اس کی تلاش کا کام شروع کیا گیا لیکن تاحال اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ اسٹیلتھ طیارے میں ریڈار کو دھوکا دینے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاحال طیارے کا کچھ نہیں پتا چلا سکا اور نہ ہی کہیں سے ملبہ ملا ہے جس پر وزارت دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گمشدہ ایف-35 اسٹیلتھ طیارے سے متعلق کوئی بھی معلومات ملے تو فوری آگاہ کریں۔
































