
واشنگٹن: اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر امریکی ارکان پارلیمنٹ بھی برس پڑے۔ ایوان نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی اور کانگریس کے چالیس ڈیموکریٹس ارکان نے صدر جو بائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی منتقلی روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ خط میں بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فضائی حملے کی تحقیقات کرے جس میں امدادی گروپ ورلڈ کچن سینٹر کے غزہ میں سات امدادی کارکن مارے گئے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ امدادی کارکنوں کے خلاف حالیہ حملے اور مسلسل بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے تناظر میں ہم سمجھتے ہیں کہ ان ہتھیاروں کی منتقلی کی منظوری دینا ناجائز ہے۔
جو بائیڈن کی ڈیموکریٹک پارٹی کی سینیئر رکن نینسی پلوسی کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی منتقلی روکنے کی حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نظریہ پارٹی میں بھی فروغ پا رہا ہے۔


































