
واشنگٹن : امریکی ڈرون اور روسی طیارہ ٹکرانے کے سبب امریکا اور روس پھر آمنے سامنے آگئے۔ بحیرہ اسود پر دوران پرواز روسی لڑاکا طیارہ امریکی ڈرون سے ٹکراگیا جس کے نتیجے میں امریکی ڈرون بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا۔واقعے میں روسی طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔ امریکی فوج کے مطابق روسی طیارے نے ڈرون کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ ڈرون معمول کی کارروائی پر تھا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ روسیوں کے غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ عمل نے دونوں طیاروں کو نقصان پہنچایا۔ روس نے امریکی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی لڑاکا طیارے نے کوئی ہتھیار امریکی طیارے کے خلاف استعمال نہیں کیے۔ امریکی ڈرون طیارہ اپنی تیز رفتاری کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے روسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ماسکو میں امریکی سفیر نے روسی وزارت خارجہ کو سخت پیغام پہنچایا ہے۔برطانوی وزیر دفاع بین ویلس نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی فضائی حدود کا احترام کرے۔ واشنگٹن میں روسی سفیر نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون جاسوسی معلومات جمع کررہا تھا۔


































