
واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی فارن افئرز کمیٹی نے پاکستان میں انتخابی بے ضابطگیوں کیخلاف قرارداد منظور کرلی۔
فارن افئرز کمیٹی میں دو روز پہلے معاون وزیرخارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو پیش ہوئے تھے اور پاکستان میں انتخابات اور سیاسی عدم استحکام پر بیان دیا تھا۔ آج ری پبلکن رکن رچ میکارمک اور ڈیموکریٹ ڈین کیلڈی نے قرارداد پیش کی جسے اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فروری میں ہوئے انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پاکستانی حکومت سے رابطہ کاری بڑھائیں کہ وہ جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی پر عمل درآمد کرے۔


































