
واشنگٹن: امریکا میں نیویارک سے لے کر لاس اینجلس تک بڑے شہروں میں صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ نو کنگ کے نعرے کے تحت ہزاروں افراد نے امریکی صدر کی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کیا۔ یہ مظاہرے جنوری میں ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے بڑے عوامی ردعمل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
لاس اینجلس پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور گھڑ سوار اہلکاروں کا استعمال کیا۔فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں واقع صدر ٹرمپ کی مار-اے-لاگو رہائش گاہ کو بھی احتجاج کا ہدف بنایا۔
واشنگٹن کے نواحی علاقے بیتیسڈا میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ شکاگو کے ڈیلی پلازہ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے، جہاں مشہور پکاسو کے مجسمے کے نیچے احتجاج کیا گیا۔ ٹرمپ مخالف گروپوں کی اپیل پر دو ہزار سے زائد مقامات پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے امیگریشن پالیسی کو آزادیٔ اظہار اور شہری حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔


































