
تہران : ایران نے امریکا کو غزہ جنگ میں اہم فریق قرار دیتے ہوئے اس کی امداد کی ترسیل کو مضحکہ خیز اور علامتی قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز اور اسے جاری رکھنے کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے۔ امریکی حکومت قول و فعل میں صیہونی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا جنگ کے آغاز سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی کھیپ فراہم کر رہا ہے۔ امریکا کی صیہونی رجیم کی ہمہ جہت حمایت کے باعث عالمی برادری،بین الاقوامی ادارے اور سلامتی کونسل جنگ روکنے اور امن قائم کرنے کا اپنا انسانی، قانونی اور بین الاقوامی فریضہ ادا کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے فلسطینیوں کو امداد بھیجنے کا ڈرامہ رچایا ہے۔ لیکن دنیا پر امریکہ کا یہ منافقانہ طرز عمل اور دوغلاپن واضح ہوچکا ہے۔


































