
اسلام آباد: سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا۔ اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو اسے واپس کون کرے گا۔ اس قرض سے غربت بڑھے گی۔ جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا۔ عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کرسکیں، نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی۔ عمران خان نے کہاکہ اب کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آئے ہیں، کمشنر کو اٹھایا گیا تشدد کیا گیا، اب اس کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے۔


































