
راولپنڈی : سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ بارشوں کی صورتحال پر اظہار تشویش اور مالی وجانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کےلئے جو پیشگی اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں وہ نہیں اٹھائےجاتے، موسمیاتی تبدیلیوں کی آگاہی کے باوجود اور جدید سسٹم و ٹیکنالوجی کی وارننگ کے باوجود بار بار شہروں میں کاروبار زندگی مفلوج ہوجانا یا گوادر جیسے شہروں کا پھر سے ڈوب جانا لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی آگاہی کے باوجود بڑے شہروں میں انتظامی وہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے انتظامات ناکافی ہیں۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور ، کوئٹہ سمیت تمام شہروں کا ازسرنو انتظامی جائزہ لے کر پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر و اقدامات سے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ درست ہے کہ شدید بارشیں یا دیگر ناگہانی آفات قدرت کی طرف سے آتی ہیں البتہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ لوکل انتظامیہ کے بھی فرائض میں شامل ہے کہ وہ پیشگی انتظامات کریں۔


































