
شکارپور : مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 193 شکارپور اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی ہے۔ عوام ایم ڈبلیو ایم کے نمائندوں کو ووٹ دے۔ یہ بات انہوں نے حلقہ این اے 193 شکار پور کے گاؤں قادر بخش وگن میں کارنر میٹنگ کے موقع پر گاؤں کے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آپ نے ماضی میں ہمیشہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو ووٹ دیا ہے، پہلی بار مظلوموں اور غریبوں کی خدمت کے لئے مجلس وحدت مسلمین نے مجھے آپ کے حلقے این اے 193 شکارپور پر ٹکٹ دیا ہے۔ آپ اس بار اس خادم پر اعتماد کرکے ووٹ دیں۔ انکا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے جذبے سے الیکشن میں حصہ لیا ہے۔ جب ہم اقتدار میں نہیں تھے تب بھی ہم نے عوام کی خدمت کی ہے۔ اس موقع پر سید معشوق علی شاہ نے کہا کہ ووٹ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار علامہ مقصود علی ڈومکی کی امانت ہے۔ 8 فروری کو خیمے پر مہر لگا کر کامیاب کریں گے۔


































