
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر اور بدنام زمانہ تہاڑ جیل سمیت بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو دوران حراست قتل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنی کینگرو عدالتوں کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس خطرناک منصوبے کے خلاف احتجاج درج کرانے اور کشمیری رہنمائوں کی حالت زار کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے 15جون بروز جمعرات دن ساڑھے گیارہ بجے اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کریں گے اور مظاہرے میں دیگر جماعتوں کے رہنما اور کارکن بھی شریک ہوں گے۔


































