
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کی اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے بیٹے اور محافظوں سمیت شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علی لاریجانی کی شہادت اسلامی جمہوریہ ایران اور ظلم و جارحیت کے خلاف کھڑے ہونے والوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم سانحے کے بعد پیدا ہونے والا خلا کسی طور پُر نہیں کیا جا سکتا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا لمحہ ہے جو ان کے عزم اور حوصلے کا امتحان ہے، تاہم ایرانی قوم ہمیشہ کی طرح اس آزمائش میں سرخرو ہوگی۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر لاریجانی ایک مدبر اور بااعتماد رہنما تھے جو ملک کی اسٹریٹجک سمت، قومی سلامتی اور علاقائی پالیسی میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ انہوں نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر لاریجانی اسلامی جمہوریہ کے ایک اہم اور قابلِ اعتماد ستون تھے۔ اپنے بیان میں انہوں نے اس امر کی طرف بھی توجہ دلائی کہ شہید ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنی شہادت سے قبل مسلم حکومتوں اور معاشروں کو اتحاد کی تلقین کی تھی اور امریکی و اسرائیلی اقدامات کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ شہادت القدس کی آزادی اور سامراجی قوتوں کے خلاف جاری جدوجہد کا تسلسل ہے۔


































