
قاہرہ : مصر کی جامعہ الازہر نے غزہ میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں کو سیاہ دہشت گردی قرار دے دیا۔ جامعہ الازہر نے ایک بیان میں فلسطینیوں کے قتل کے لیے اسرائیل کو گرین لائٹ دکھانے پر عالمی طاقتوں پر شدید تنقید کی۔ بیان میں اس نے حملے کو اسرائیل کی فریبی فطرت اور معاہدوں کی خیانت کا ثبوت قرار دیا۔ جس کا مقصد وسیع پیمانے پر دنیا کے مسترد کرنے کے باوجود فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی ہٹانا تھا۔ بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیل نے مزید جرائم اور قتل عام کے ارتکاب کے لیے اپنے خونی چہرہ اور معاہدوں کو توڑنے کے تاریخ کو بے نقاب کردیا ہے۔۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ اسرائیل جارحیت کو روکنے کے لیے اس وقت تک کوئی حقیقی قدم نہیں اٹھائے گا۔ جب تک عالمی طاقتیں اس کی حمایت جاری رکھیں گی ۔اس کے جرائم پر خاموش رہیں گی اور اسے نسل کشی اور نسلی تطہیر کے لیے جوابدہی سے بچائیں گی۔


































