
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ صدر مسلم لیگ میاں نواز شریف بھی اس ملاقات میں شرص تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی و سماجی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکانومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ایران اور پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایران نے پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40 فیصد سے 70 فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ باہمی تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دورہ ایران کا تحریری دعوت نامہ پیش کیا۔ ایران کے سفیر نے میاں نواز شریف کو بھی دورہ ایران کی دعوت دی۔


































