
صنعا : امریکا اور برطانیہ نے یمن پر ایک بار پھر حملے کئے ہیں۔ فضائی حملے میں 36 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ پینٹاگون نے بتایا کہ 13 مقامات پر یمنی فوج کے ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، میزائل سسٹم، لانچرز اور دیگر عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جو بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیے گئے۔ حملوں میں بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ کی مدد بھی امریکہ و برطانیہ کو حاصل تھی۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے خبردار کیا کہ اگر جہازوں پر حملے بند نہیں ہوئے تو مزید نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
امریکی حملوں کے جواب میں یمنی فوج نے بحیرہ احمر میں ایک اور جہاز کو نشانہ بنادیا۔ امریکی سینٹ کام نے چھ میزائل فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ امریکا نے 48 اہداف کو نشانہ بنایا لیکن ہماری حملوں کی صلاحیت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ غزہ پر حملے بند ہونے تک بحیرہ احمر میں حملے جاری رہیں گے۔


































