
ریاض : ایران کے بعد سعودی عرب اور شام کے گیارہ سال سے منقطع تعلقات کی راہیں بھی ہموار ہوگئیں۔ سعودی عرب اور شام نے سفارتی تعلقات میں 11 سال کے تعطل کے بعد اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹر نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دونوں حکومتیں عید الفطر کے بعد سفارتخانے دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ سفارتخانے کھولنے کا فیصلہ سعودی عرب میں شامی سینئر انٹیلیجنس اہلکار سے گفتگو میں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی سعودی تعلقات کی بحالی کے تناظر میں دونوں عرب ممالک کے تعلقات بحالی کی راہیں ہموار ہوئیں۔ غیرمصدقہ رپورٹ کے مطابق شامی صدر بشار الاسدکے بھائی اور فورتھ آرمرڈ ڈویژن کے سربراہ مہر الاسد نے رواں ہفتے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں تعلقات معمول پر لانے میں پیشرفت ہوئی۔ شام میں 2011 کی خانہ جنگی کے بعد سے بیشتر عرب ریاستوں نے اس سے تعلقات منقطع کرلئے تھے۔


































