
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے افغانستان کے صوبے قندوز میں مسجد کے اندر خودکش حملے میں نمازیوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ اس بھیانک جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکاجائے۔ اپنے پیغام میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ بڑی تعداد میں نمازیوں کی شہادت نے ہمیں غمزدہ کردیا ہے۔ ہمسایہ و برادر ملک افغانستان کے حکام سے توقع ہے کہ وہ اس بھیانک جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینگے اور ضروری تدابیر اپنا کر اس طرح کے واقعے کی تکرار کو روکیں گے۔ خداوند متعال سے اس حادثہ کے شہیدوں کے لئے رحمت اور درجات کی بلندی، زخمیوں کے لئے جلد از حلد شفاء اور ان کے متعلقین و پسماندگان کے لئے صبر و تسکین کی دعا کرتا ہوں۔


































