
لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے آنے والی پولیس اور کارکنوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اسلام آباد پولیس مقامی پولیس کے ساتھ عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور کے علاقے زمان ٹاؤن پہنچی ۔ عمران خان کی رہائش گاہ پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام نے حصار قائم کرلیا۔ پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔ کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ تصادم میں کئی کارکن اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ زمان پارک کا علاقہ کئی گھنٹوں تک میدان جنگ بنارہا۔ پولیس آپریشن کے خلاف کراچی۔ لاہور ۔ پشاور اور کوئٹہ سمیت پورے ملک میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال کر دیے تھے۔


































