
اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔
مذمتی قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے پیش کی گئی، مشترکہ اجلاس میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان سویڈن میں قرآن پاک کی بحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے، ایوان تمام مذاہب کی تکریم اور الہامی کتابوں پر یقین رکھتا ہے، سویڈن حکام سے واقعے کے خلاف کارروائی پر زور دیتا ہے، اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا اور مذہب کیخلاف نفرت پھیلانے جیسے واقعات کی روک تھام کی جائے، اسلامی سربراہی کانفرنس کا فورم اسلامو فوبیا کے سدباب اور مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کیا جائے، مذمتی قرارداد منظور ہونے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 25 جولائی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


































