
پاراچنار: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت ایک اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد ضلع کرم پہنچ گیا۔ وفد میں سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا، پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی شہریار آفریدی ،مولانا نسیم علی شاہ ،یوسف خان اور مجلس وحدت مسلمین سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین شامل ہیں۔ یہ وفد صدہ اور پاراچنار کے اکابرین ، معروف مذہبی ، سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا کے نمائندگان اور عوام سے ملاقات کرے گا اور پاراچنار کی داخلی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ضلع کرم میں امن کی کوششوں کے لیے وفد کی آمد کو اہل علاقہ کی جانب سے بھرپور انداز میں نہ صرف سراہا جا رہا ہے بلکہ علاقے کے مستقبل کے حوالے سے اسے ایک اہم پیشرفت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔


































