
پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضم قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں لڑکیوں کا اسکول بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔ یہ واقعہ تحصیل شیواہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اسکول کو آئی ای ڈی دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی جس کی وجہ دو کمرے مکمل تباہ ہو گئے جبکہ دو کمرے اور صحن کی چار دیواری کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق آٹھ سے 10 مسلح افراد نے اسکول میں گھس کر چوکیدار کو زدوکوب کیا پھر اسکول کے لیپ ٹاپ لیے اور جاتے ہوئے بم نصب کرکے چلے گئے۔ تاہم دھماکے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈی پی او شمالی وزیرستان روحان زیب نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


































