
اسلام آباد : رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین اسٹینڈگ کمیٹی انڈسٹری اینڈ پروڈکشن ساجد حسین طوری کی زیر قیادت کاروان سالاروں کے نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی اور زائرین کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے پشاور سمیت تمام قونصل خانوں میں ارجنٹ ویزہ فیس کی وصولی، کروناٹیسٹ کی پیشگی رپورٹ کی شرط، کوئٹہ روانگی سے پہلے اور ایران میں داخلے کے بعد دوبارہ کورونا ٹیسٹ اور ایران سے عراق میں داخلے کیلئے دہرے ویزے سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ تین سے چار دن پہلے دی گئی ویزہ درخواست پر ارجنٹ فیس وصول نہیں کی جاتی۔ بعض قافلوں میں شامل زائرین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے دوبارہ ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں۔قافلہ سالار مثبت ٹیسٹ آنے والے زائرین کو قافلوں میں شامل کرنے سے گریز کریں۔ ڈبل انٹری کے حوالے بھی حکومت کو درخواست بھیجی ہےجس پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔وہ زائرین کے مسائل کے حوالے سے اپنی حکومت اور آستان قدس رضوی کے ساتھ رابطہ کریں گے تاکہ باڈر سے لے کر مشہد تک اور پھر مشہد شہر میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ساجد طوری نے اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ زائرین کو درپیش مسائل کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔


































