
تہران : امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفد سعودی عرب جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر قیادت وفد تہران پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دیگر ایرانی حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے۔ جدہ پہنچنے پر شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز نائب گورنر مکہ ریجن، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیر اعظم و پاکستانی وفد کا ائیرپورٹ پر پُرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق جدہ میں وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے دو طرفہ ملاقات ہوگی، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔


































