
بیروت: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نےکہاہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات فلسطین کو ترک کرنے اور دشمن کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ میلاد پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے اپنے خطاب میں سید حسن نصر اللہ نے مسلمانوں پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کسی بھی ملک کی جانب سے اٹھائے گئے کسی بھی اقدام کی شدید مذمت کریں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ جو بھی ملک اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف گامزن ہے۔ اُس کی مذمت کی جانی چاہیے۔کیونکہ یہ قدم فلسطین کو ترک کرنے اور صیہونی دشمن کو تقویت دینے کے مترادف ہے، جسے برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مسلمان عالم سے کہا ہے کہ قبلہ اول مسجد الاقصیٰ اور فداکار فلسطینی قوم کے تعلق سے اپنے فرائض پر عمل کریں۔ سیدحسن نصراللہ نے پاکستان میں عید میلاد النبی (ص) کے جشن کے موقع پر برادران اہلسنت کی مساجد پر تکفیریوں کی جانب سے دہشت گردانہ خودکش دھماکوں کی مذمت کی۔ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنی تقریر کے آخر میں کہا کہ آج کچھ لوگ ہم جنس پرستی اور حیوانیت کی ترویج کرکے انسان کو پستی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔


































