
لاہور: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو قتل کی دھمکی دینے اور ان کے سر کی قیمت مقرر کرنے پر تحریک لبیک پاکستان کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں 1500 کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیاہے۔ مقدمہ ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے اور عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مقدمے میں اعلیٰ عدلیہ کو دھمکی، کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن مطابق پریس کلب کے باہر احتجاج سے پیر ظہیر الحسن نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی تھی۔ ذرائع کے مطابق بے بنیاد الزامات لگا کر چیف جسٹس آف پاکستان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔


































