
دوحہ : حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں چار روزہ وقفے اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا۔ جنگ میں عارضی وقفے کے دوران حماس خواتین اور بچوں سمیت پچاس یرغمالی رہا کرے گا۔ جبکہ اسرائیل ایک سو پچاس فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ ہر دس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر لڑائی میں ایک روز کا وقفہ دیا جائے گا۔ قیدیوں کا تبادلہ ہلال احمر، اسرائیل، قطر، اور حماس کی معاونت سے عمل میں آئے گا۔ قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق معاہدہ انسانی بنیادوں پر ہوا جس کے تحت امدادی سامان غزہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔ جس میں ایندھن کی ترسیل بھی شامل ہے۔ اسرائیلی کابینہ نے معاہدے کی منظور دیدی۔ تین وزرا نے معاہدے کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کردیا کہ اسرائیل اپنا مشن پورا کرنے تک مکمل جنگ جاری رکھے گا، امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ جنگ میں وقفہ بڑی پیشرفت ہے لیکن حماس کی غزہ میں موجودگی تک جنگ جاری رہے گی.


































