
واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے جائز نتائج پلٹنے کیلئے کثیر الجہتی سازش کا مرتکب قرار دے دیا گیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی 6 جنوری کمیٹی نے اپنی تفصیلی رپورٹ جاری کردی جو ہزارسے زائد گواہوں کے انٹرویوز، 10 سماعتوں اور سینکڑوں صفحات کی دستاویزات پرمشتمل ہے۔ رپورٹ کے مطابق شواہد سے واضح نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ چھ جنوری کے واقعات کی مرکزی ملزم ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور جن کی پیروی کرنے والے بہت سےلوگ تھے۔ اس کےبغیر چھ جنوری کا کوئی واقعہ رونما نہ ہوتا۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ اور ان کے اندرونی حلقے نے جوبائیڈن کے انتخاب اور اس کی توثیق کے دوران دباؤ، دھمکانے اور دوسرے حربوں سے نتائج بدلنے کیلئے 200 اقدامات کئے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے انتخابات سے متعلق درجنوں مقدمات میں شکست اور مشیروں کے دھاندلی کے دعوؤں کی تردید کے باوجود انتخابی نتائج کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔


































